پشاور( سپورٹس رپورٹر)آئی سی ایم ایس کرکٹ اکیڈمی پشاور نے مد مقابل بشیر بلور کرکٹ انڈر16کرکٹ اکیڈمی کو شکست دے کر چوتھے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختون خوا انٹر اکیڈمی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے جہاں اس کا مقابلہ ملک سعد کرکٹ اکیڈمی سے ہو گا۔دوسرے سیمی فائنل کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے ممتا زسپورٹس آرگنائزر احمد نواز ملیزئی مہمان خصوصی تھے جن کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا۔ انہوں نے آئی جی مقابلوں کا دائرہ کار سارے صوبے تک بڑھانے کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ سے کم عمر کھلاڑیوں کو اپنی بھرپور صلاھیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آئیں گے۔ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں آئی سی ایم ایس کے کم عمر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے پہلے بیٹنگ اور مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 193رنز بنائے۔اننگز کی خاص بات آئی سی ایم ایس کے بیٹسمینوں احمد حسین اور شعیب کی جارحانہ بیٹنگ تھی۔ احمد حسین نے 101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ شعیب نے 70رنز سکور کئے۔

بشیر بلور اکیڈمی کی جانب سے کاشف اشرف سب سے کامیاب بولر تھے جنہوں نے 29رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیںشاکر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں بشیر بلور کرکٹ اکیڈمی ایک مشکل ہدف کو حاصل کرنے کی کوششوں میں شروع ہی میں مشکلات کا شکار ہو گئی اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔20 ویں اوور میں بشیر بلور کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 99رنز بنا سکی۔جبران اور محمد جاوید علی رنز بنا کر نمایاں رہے۔آئی سی ایم ایس کلب کی جانب سے احمد حسن نے جبکہ شاہ فیہد نے رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ قیصر جمال اور محمد نور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اس طرح آئی سی ایم کرکٹ اکیڈمی نے سیمی فائنل 94رنز سے جیت لیا۔