پشاور(پ ر)سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ،میوزیم و امورنوجوانان خیبرپختونخوا محمد عابد مجید نے کہاکہ ٹورازم انڈسٹری میں ہاسپیٹیلیٹی سیکٹراہم کردار ادا کررہا ہے ۔ اس وقت جی ڈی پی میں 1;46;5 فیصد معیشت میں شراکت ٹورازم سیکٹر کی ہے اس میں ہاسپیٹیلیٹی سیکٹر اور فوڈ انڈسٹری اپنی بہت کردار ادا کررہی ہے ۔ آج کا یہ ایونٹ اس لئے آئیڈیل ہے کہ مقابلوں کے اختتام پر نوجوانوں کو نوکریوں اور انٹرن شپ کی آفر ہوئی ہے ۔ اس سے زیادہ آئیڈیل موقع نہیں ہو سکتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سیاحت ،ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام پشاور میں نوجوانوں کیلئے کھانے پکانے کے مقابلوں کی اختتامی تقریب کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت تاشفین، سی پی او آصف شہاب، ڈائریکٹر امورنوجوانان سلیم جان، ڈائریکٹر ٹورازم ضم اضلاع اشتیاق خان، ڈائریکٹر ڈی ٹی ایس غلام سیدسمیت فائیو سٹار ہوٹلزکے عہدیداران اور دیگر شخصیات موجود تھیں ۔ سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد عابد مجید نے کہاکہ ہم اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی منعقد کرنے کی کوشش کرینگے ۔

نوجوانوں کی مہارتوں کو بڑھانے کیلئے حکومت اپنی سطح پر جو کر سکتی ہے تاہم ان کے آخر میں انڈسٹریز ، کاروباری افراد اور گورنمنٹ ایک جگہ بیٹھ کر ان کی کامیابی پر اسی وقت انہیں نوکریاں آفر کرسکے تاکہ نوجوان اپنی مہارت کے ذریعے روزگار حاصل کرسکیں ۔ ڈائریکٹریٹ آف یوتھ آفیئرز خیبرپختونخوا کے زیراہتمام پشاور سروسز کلب میں منعقدہ 4 روزہ کھانے پکانے کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے ۔ کھانے پکانے کے مقابلوں میں 60 سے زائد صوبے بھر سے نوجوانوں نے حصہ لیاجن کے مابین انفرادی اور دو افراد پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا ۔ اختتامی روز بینش اور عباس کی ٹیم نے پہلی، شریف اور حریرہ نے دوسری جبکہ سعد الٰہی اور اذان ضیاء نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ شاداب اور دعا نے چوتھی جبکہ ابوبکر نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ۔

ڈائریکٹریٹ آف یوتھ آفیئرز کی جانب سے پہلی پوزیشن ہولڈرکی ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد، سرٹیفکیٹ ،مختلف انعامات، ساتھ ہی شیلٹن ریزیڈور ہوٹل کی جانب سے نوکری کی آفر، ہاشو گروپ کی جانب سے نقد انعام کیساتھ تین ماہ کی انٹرن شپ آفر،فاسٹ کانٹینیٹل کی جانب سے انٹرن شپ اور دیگر انعامات دیئے گئے ۔ دوسری پوزیشن لینے والی ٹیم کومحکمہ امورنوجوانان کی جانب سے 75 ہزار روپے نقد، سرٹیفکیٹ، انعامات سمیت شیلٹن ریزیڈور کی جانب سے نوکری کی آفر،انٹرن شپ اور دیگر انعامات دیئے گئے ۔ تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو یوتھ آفیئرز کی جانب سے 50 ہزار نقد انعام ، شیلڈ، سرٹیفکیٹ اور انعامات سے نوازا گیا ۔

فاتح نوجوانوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے نوجوانوں کو مقابلوں کے اختتام پر فائیو سٹار ہوٹلز اور اچھی جگہوں سے نوکریوں کی آفر کی گئی ۔ ایسے ایونٹس کے انعقاد سے نوجوانوں کو نہ صرف اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملتا ہے بلکہ ساتھ ہی روزگار کے مواقع بھی میسر ہوتے ہیں ۔ انہوں نے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور ڈائریکٹریٹ آف یوتھ آفیئرز کی جانب سے ایونٹ کے انعقاد کو سراہا ۔