پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، ساتھ ہی رمضان المبارک کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔
کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 4 ہزار 681 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 135 مریض انتقال کر گئے جو جون کے بعد ایک روز میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
وبا کی تشخیص کے لیے 13 اپریل کو مجموعی طور پر 48 ہزار 92 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.7 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 76 ہزار 757 تک پہنچ چکے ہیں۔
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 34 ہزار 423 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 754 زندگی کی بازی ہار گئے۔تحریر جاری ہے
علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 645 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 41 ہزار 912 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔
کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔