پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جاوید لطیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور حق کی بات سے ڈر لگتا ہے تو غداری اور فتوےلگائے جاتے ہیں۔
شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے زیر حراست رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے گھر آمد کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس نے آئین، پاکستان کے قانون اور حق کی بات کی اور وہ غدار کہلایا تو یاد رکھو پورا پاکستان غدار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غداری کا لقب جاوید لطیف کو نہیں دیا گیا بلکہ شیخوپورہ کے عوام کو غداری کا لقب دیا گیا ہے اور یہ غداری غداری کھیلنا بہت سال سے سنتے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب حق، آئین اور قانون، سچائی، بہادری سے ڈر لگتا ہے تو بیگ کھلتا ہے اور اس سے غداری کا لقب نکل آتا ہے، کبھی مذہب کا فتویٰ نکل آتا ہے اور کبھی اس سے چور اور ڈاکو کا لقب نکل آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ والوں کا سر فخر بلند ہونا چاہیے کہ نوازشریف کے شیر، پاکستان اور شیخوپورہ دھرتی کے بیٹے جاوید لطیف نے حق بات پر ڈٹے رہ کر نہ صرف نواز شریف اور شیخوپورہ بلکہ پاکستان کی مٹی کاحق ادا کردیاہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اب وقت بدل گیا ہے، اگر غدار ہونا جرم ہے تو انہوں نے غداری کا لقب محترمہ فاطمہ جناح کو دیا تھا، غداری کا لقب نوازشریف اور مریم نواز کے حصے میں بھی آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حق کو حق کہنا، سچ کو سچ کہنا، آئین کی سربلندی، اداروں کی سربلندی کرنا، قانون کی پاسداری کرنا غداری ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کی غداری کے فتوے بانٹنے کی فیکٹری کھولی ہے انہیں خبر ہو کہ 22 کروڑ عوام جان چکے ہیں کہ جب تم ڈرتے ہو، ہار جاتے ہو اور آئین کی سربلندی کی بات نہیں سن سکتے ہو تو غداری کا سرٹیفیکیٹ دیتے ہو۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اب ڈرنا چھوڑ دیا ہے، جو لوگ پہلے ڈر کر چپ کر جاتے تھے، آج جاوید لطیف کی طرح جب پتہ ہو کہ حق اور سچ کی پاداش میں گرفتار کرلیا جائے گا پھر بھی حق اور سچ کا ساتھ دیں تو اس سے بڑی بہادری نہیں ہوسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ جن لوگوں کو انہوں نے محنت کرکے غدار کہا پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے ان کو اپنا ہیرو بنایا، نواز شریف کو کون غدار کہتا تھا، کون سا الزام ہے جو انہوں نے نواز شریف پر نہیں لگایا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھا ہے اور پاکستان کے کونے کونے سے اس کے حق میں فیصلے آرہے ہیں، جس کو آپ نے چور، ڈاکو، غدار کہا اور فتوے لگائے آج اس کا بیانیہ پاکستان میں پھیل گیا ہے، ڈسکہ میں لوگوں نے نواز شریف کی بات پر لبیک کرکے ووٹ پر پہرہ دیا اور ان سے ووٹ چوری چھین لی۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو نعرے لگ رہے ہیں 22 کروڑ عوام سنیں اور عوام کو پتہ چلے کہ اس دھرتی کے اصل غدار کون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی ذات، خاندان اور پارٹی پر قربانیاں دے کر آج پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو بیدار کردیا ہے، آج نہ صرف شیخوپورا بلکہ 22 کروڑ عوام کو پتہ چل گیا ہے، ان کا حق کیا ہے، آئین، قانون کیا ہے اور آئین و قانون ماننے والے کون اور اس کے غدار کون ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غدار اس کو کہتے ہیں جو امریکا میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کرکے، کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال کر، کشمیریوں کا سودا کرکے منہ لٹکا کر پاکستان واپس آئے۔
انہوں نے کہا کہ جب پورا عالمی اور پاکستانی میڈیا دیکھ رہا ہو وہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہے پاکستان کے سفیر اور پاکستانی سفارت خانے ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں وہ صحیح کام نہیں کر رہے ہیں، اس کو غدار کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غدار وہ ہے جو دوسرے ملکوں میں بیٹھ کر چھپ چھپ کر کشمیر کوبیچنے اور اس کا سودا کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔