اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ اگلے پانچ سال بھی ہماری حکومت ہوگی اور کوئی قانون سازی نہیں رکے گی۔
اسلام آباد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن اصلاحات پر تمام جماعتیں بیٹھیں اور متفقہ فیصلہ کریں، الیکشن کمیشن نے مشین کیلئے 36 شرائط دی تھیں، تمام پوری کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین بجلی سے نہیں چلتی،اس کی اپنی بیٹری ہے اور جو لوگ موبائل استعمال کرسکتے ہیں وہ اس مشین کو آرام سے چلالیں گے جب کہ جتنی الیکشن کمیشن کی اس وقت لاگت آرہی ہے اتنی ہی اس مشینوں پر بھی آئے گی، ہم نے 49 ترامیم دی ہیں، اپوزیشن اپنے مشورے دے، یہ کوئی حل نہیں کہ ہر الیکشن کے بعد روئیں۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان ناصرف وزیراعظم ہیں بلکہ پارٹی چیئرمین بھی ہیں، حکومت کے دو سال پورے ہوگئے ہیں اور تین سال بھی پورے ہوں گے ، اگلے پانچ سال بھی ہماری حکومت ہوگی، کوئی قانون سازی نا سینیٹ میں رکے گی اور نا ہی قومی اسمبلی میں رکے گی۔