پشاور( سپورٹس رپورٹر )آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ہینڈ بال ویمن چمپئن شپ پشاور یونیورسٹی میں شروع ہوگئی جس میں ملک بھر سے 9 یونیورسٹی کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ، چمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم نے کیا ان کے ہمراہ ایچ ای سی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹریس ما ہ نور ، انٹر نیشنل ایتھلیٹ سمیع اﷲ مروت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پشاور یونیورسٹی محمد سلیم ، ڈائریکٹر یس سپورٹس بے نظیر ویمن یونیورسٹی ماریہ سمین ،شہاب سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔
پشاور یونیورسٹی میں تین روزہ آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ہینڈ بال چمپئن شپ کے افتتاحی روزشہید بے نظیر ویمن یونیورسٹی پشاور نے لاہو ر یونیورسٹی کو چھ چار سے شکست دی ، سپیئر یونیورسٹی لاہور نے سرگودھا یونیورسٹی کو چھ کے مقابلے دس گول سے شکست دیدی ،ملتان یونیورسٹی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو چھ صفر سے شکست دی ، لاہور کالج فار ویمن نے پشاور یونیورسٹی کو چھ دو سے شکست دیدی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام اور پشاور یونیورسٹی کے تعاون سے منعقدہ انٹر یونیورسٹی ہینڈ بال ویمن چمپئن شپ میں ملک بھر سے نو یونیورسٹی کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں پول اے میں لاہور کالج فارویمن ، سوگودھا یونیورسٹی ، سپیرئیر یونیورسٹی لاہور،پشاور یونیورسٹی ، پول بی میں یونیورسٹی آف پنجاب ، ملتان یونیورسٹی ، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف لاہور اور شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور شامل ہیں ، چمپئن شپ تین دن تک جاری رہیگی۔