پشاور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ آصف زمان نے کہا ہے کہ انہوں نے تیس سے زیادہ قومی فیڈریشنوں کو گرانٹ جاری کر دی ہے تاکہ فیڈریشنیں ملک میں گراس روٹ کی سطح پر کھیلوں کی ترقی میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔اگلا سال کھیلوں کا سال ہو گا اور سارے ملک میں کھیلوں کے میدان آباد کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں نیشنل ٹریننگ اینڈ کوچنگ سنٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفت گو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں میرٹ پر ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ملک بھر میں میرٹ پر کھیلوں کو فروغ دیا جائے اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ آصف زمان نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی بنیادی ذمہ داری تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور ان کی ہر ممکن کوشش ہو گی کہ ملک میں کھیل ایک بار پر عروج حاصل کریں۔ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس میں جانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے منتخب کیا ہے تاہم کھلاڑیوں کو اور آفیشلز کو سپورٹس بورڈ نے ہر ممکن سہولت فراہم کی ہے اور ان کے تمام اخراجات پاکستان سپورٹس بورڈ نے برداشت کئے ہیں۔
آصف زمان نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کھیلوں کے مقابلے بھی نہیں ہو سکے اس لئے انہوں نے آئندہ سال کو کھیلون کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں والدین کو بھی اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیلون کی جانب راغب کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی سہولتوں کو مزید بہتر اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔انہوں نے قومی فیڈریشنوں کو بین الاقوامی کوچز کی فراہمی کا یقین بھی دلایا ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کرنل ریٹائرڈ آصف زمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قومی فیڈریشنیں،سپورٹس بورڈ اور میڈیا باہم مل کر پاکستان میں کھیلوں کا سنہرا دور واپس لا سکتے ہیں۔انہون نے مزید بتایا کہ جنوبی ایشیائی کھیلوں کے لئے پاکستان سپورٹس بورڈ بہترین اقدامات کرے گا جبکہ کھلاڑیوں کی تیاری فیڈریشنوں کی ذمہ داری ہے اور انہیں یقین ہے کہ کیمپوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کے لئے بہترین کوچز کی دستیابی کے بعد پاکستانی دستہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔