وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی تقرری کے احکامات بطور وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جاری کیے تھے۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور رقم تقسیم کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے اور الیکشن کمیشن نے رقم بھی برآمد کرلی اور کیا ثبوت چاہیے؟
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دستخطوں سے تعینات ہونے والے چیف الیکشن کمشنر کے احکامات تسلیم نہیں کیے جبکہ الیکشن کمیشن کے سینیئر رکن کے داماد پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما ہیں ۔
یاد رہے پروگرام ‘آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ’ میں گفتگو کے دوران وزیراعظم نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی کیسے ہوئی؟ جبکہ حکومت ن لیگ کی تھی ، پولیس بھی انہوں نے وہاں لگائی ، سینیئر ممبر الیکشن کمیشن وزیراعظم آزادکشمیرکا ہم زلف ہے ۔