وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رواں ماہ دوسری مرتبہ پھر اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول مزید 4 روپے مہنگا کردیا۔
خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ‘پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے ہوگی’۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے، کیروسین کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 82 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے’۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ‘ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت فی لیٹر 122 روپے 4 پیسے، کیروسین کی نئی قیمت فی لیٹر 99 روپے 31 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 99 روپے 51 پیسے ہوگی’۔
خزانہ ڈویژن نے کہا کہ ‘نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر 2021 سے ہوگا’۔
یاد رہے کہ حکومت نے رواں ماہ 15 ستمبر کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 5 اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا تھا۔
وزارت خزانہ سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث 16 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا گیا ہے اور ملکی تاریخ کی بلند ترین نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے ہوگی۔
وزارت خزانہ نے مزید کہا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے ایک پیسے اضافے کے بعد 120 روپے 4 پیسے، کیروسین کی قیمت میں 5 روپے 46 پیسے اضافے کے بعد 92 روپے 26 فی لیٹر نئی قیمت ہوگی۔
حکومت نےلائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے کا اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 90 روپے69 پیسے مقرر کردی تھی۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ 3 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات 7 مرتبہ مہنگی کیں اور 16 جون سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات 21 روپے 86 پیسے تک مہنگی کی گئی ہیں اور فی لیٹر پیٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 127 روپے 30 پیسے کا ہوگیا۔
قبل ازیں 31 اگست کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ڈیڑھ روپے تک کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا اور وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر ڈیڑھ روپے کمی کردی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی فی لیٹر ڈیڑھ روپے کمی ہوگی۔
قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 118.30 روپے ہو گئی تھی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 115.03 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل فی لیٹر 86.80 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 84.77 روپے مقرر کی گئی تھی۔
آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا-
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 29 روپے 10 پیسے اور ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 343 روپے مہنگا کردیا گیا ہے۔
اوگر کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 174 روپے 58 پیسے سے بڑھا کر 203 روپے 69 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 60 روپے 15 پیسے سے بڑھا کر 2 ہزار 403 روپے مقرر کردی گئی ہے۔