پشاور(غنی الرحمان)صوبائی دارالحکومت پشاورسمیت ڈی آئی خان،چارسدہ،بنوں اور مردان میں4اکتوبر سے کھیلے جانیوالے ہاکی لیگ میں انٹر نیشنل اور مقامی کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آئینگے،جویقینا صوبے میں ہاکی کے فروغ کیلئے ایک بڑا قدم ہے ،اسکے لئے صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ظاہر شاہ اور انکی ٹیم نے بہت کوششیں کی اور اللہ کے فضل سے یہ کوششیں رنگ لے آئی اور ڈی جی سپورٹس اسفندیارخٹک نے ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیکر صوبے میں تاریخی ہاکی لیگ کرانے کا بیڑہ اٹھاہے۔ان خیالات کا اظہارہاکی کے سابق انٹر نیشنل کھلاڑی وپشاور فالکن ٹیم کے کوچ ضیا الرحمن بنوری نے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاور میں کھلاڑیوں کی پریکٹس کے موقع میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ کے پی ہاکی لیگ میں شریک تمام ٹیمیں مضبوطہ ہیں،تاہم انشا اللہ پشاور فالکن کی ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔انہوں نے کہاکہ پشاور فالکن ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر متشمل ہے ،جن میں مقامی کھلاڑیوں سمیت قومی اور انٹرنیشنل کھلاڑی شامل ہیں،پشاور فالکن ٹیم میں عبداللہ (گول کیپر)،سبحان،محمداسامہ،احمد علی،زاہد،محمد صلاح،عمر،جنیدشاہ،محمد اسماعیل،تیمور،سلیمان،رحمن،حنان،امجد،مجیب،زرین،یاسر علی،ابوبکر،نوحیز،سلیمان،قیصر شامل ہیں،کوچ ضیا الرحمن نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن خوشی اس بات پر ہے کہ تمام ٹیموں میں مقا می کھلاڑی انٹر نیشنل کھلاڑیوں کیساتھ کھیل کر انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا،انہوں نے کہاکہ اس لیگ سے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کیساتھ ساتھ پشاور کے تاریخی اہمیت کے حامل درسگاہ اسلامیہ کالج پر بھی کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملے گا،بلکہ چارسدہ،مردان،بنوں اور ڈی آئی خان میں بھی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔انہوں نے کہاکہ آج کل کے کھلاڑی بہت خوش نصیب ہیں کہ انہیں آگے بڑھنے کے اسطرح کے بہترین مواقع مل رہے ہیں،حکومتی اور ایسوسی ایشنزکی سطح پر انکی بھر پور سرستی ہورہی ہے ،تاہم ضروت اس امر کی ہے کہ کھلاڑیوں کو اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھاناچاہیئے ،ضیا الرحمن بنوری نے کہاکہ ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک صوبے میں صحیح معنوں میں کھیلوں کو فروغ دینے میں عملی طور پر کام کررہے ہیں اورانشا اللہ مستقبل قریب میں اس کے بہتر نتائج نکلیں گے۔