پشاور( اعجاز رشید) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا اسفندیار خٹک نے گزشتہ روز دی خیبر ٹربیون سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پیر4اکتوبر سے پہلی خیبر پختونخوا قومی ہاکی لیگ کا آغاز ہو رہا ہے جس کا باضابطہ افتتاح وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان لالہ ایوب ہاکی اسٹیڈیم میں کرینگے ۔اس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو خصوصاً جبکہ ٹی وی سکرین کے ذریعے عموماً نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو یہ لیگ دیکھنے کو ملے گی۔ اس لیگ کا مقصد پاکستان کا ہاکی میں کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایک دور ہوا کرتا تھا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم کھیل کے میدان میں اترتی تھی تو مخالف ٹیم کے کھلاڑی پہلے سے گھبرائے ہوئے نظر آتے تھے یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے ہاکی میں چیمپئنز ٹرافی، ورلڈ کپ ، ایشین گپ ، سلطان اذلان شاہ اور دیگر بین الاقوامی کپ جیت کر پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا اور پھر دھیرے دھیرے ہم نے اس مقام کو کھویا ضرور ہے لیکن ہماری یہ کوشش ہو گی کہ یہ مقام پھر سے حاصل کریں۔ ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہاکی لیگ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی دلچسپی ہے اور ان کے احکامات کے پیش نظر یہ اس لیگ میں کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات دی جائیں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کے ٹرف کی صفائی کیلئے 80لاکھ سے زائد کی مشین بیرون ملک سے منگوائی گئی ہے اور ٹرف میں کافی فرق نظر آنا شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی لیگ کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے اور یہ لیگ صوبے کے مختلف مقام پر موجود ٹرف پر کھیلی جائے گی جس میں پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، چارسدہ اور مردان شامل ہیں۔لیگ جیتنے والی ٹیم کو 10لاکھ جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 5لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیم کو تین اور چوتھے پوزیشن والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر کھلاڑی کو پندہ ہزور روپے دئیے جائیں گے۔اس لیگ میں 8ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔اس لیگ میں ہمارے قومی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جس سے لوکل کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہونگے اور ان سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔