پشاور………. وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کو بین الاقوامی سطح پر شہرت مل رہی ہے جس کے باعث غیر ملکی سیاح خیبرپختونخوا کا رخ کررہے ہیں۔سیاحت کیساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے۔ خیبرپختونخوا سکول کرکٹ چمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ ابھر کے سامنے آئے گا جس کے بعد کالجز اور یونیورسٹی کی سطح پر بھی کرکٹ لیگ کرائینگے ۔
![](https://www.thekhybertribune.com/wp-content/uploads/2021/10/3-6.jpg)
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل و سیاحت خیبرپختونخوا، پاکستان کرکٹ بورڈاور محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے تعاون سے منعقد ہونے والی خیبرپختونخوا سکول کرکٹ چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز ، سیکرٹری محکمہ کھیل و سیاحت محمد عابد مجید ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک ، سی ای او کرکٹ ایسوی ایشن کے پی بابر خان ، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی ،سابق کرکٹر وجاہت اللہ واسطی، کرکٹ ارشد کان، ڈائریکٹر سپورٹس اسلامیہ کالج پشاور اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔
![](https://www.thekhybertribune.com/wp-content/uploads/2021/10/1-9.jpg)
خیبرپختونخوا سکول کرکٹ چمپئن شپ میں صوبے بھر سے 300 مختلف سکولز کی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے جس میں 4 ہزار سے زائد کھلاڑی جن کی عمر 16سال سے کم ہو کو شامل کیا گیا ہے جبکہ کرکٹ لیگ میں 585 میچز صوبے کے 68 مختلف مقامات پر کھیلے جائینگے ۔ محکمہ کھیل خیبرپختونخوا ، پی سی بی اور صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام شروع ہونے والی کرکٹ چمپئن شپ 7 نومبر2021 تک جاری رہے گی ۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے غیر ملکی سیاح خیبرپختونخوا کا رخ کررہے ہیں جو کہ صوبے میں سیاحت اور معیشت کیلئے خوش آئند ہے ۔
![](https://www.thekhybertribune.com/wp-content/uploads/2021/10/5-1.jpg)
انہوں نے کہاکہ انٹر سکول کے بعد انٹر کالجز اور انٹر یونیورسٹی کرکٹ چمپئن شپ بھی کرائیں گے ۔ حکومت بارہ سو کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ دے رہی ہے کرکٹ کے ساتھ ہاکی لیگ بھی شروع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبے میں کھیلوں کو فروغ دیا جارہا ہے اور وزیراعلی محمود خان کی سربراہی میں کھیلوں کو فروغ دینے کے حوالے سے منصوبے شروع کیے گئے ہیں ۔
![](https://www.thekhybertribune.com/wp-content/uploads/2021/10/4-4.jpg)
صوبے میں پہلی بار ہاکی لیگ شروع کی گئی دو بین الاقوامی معیار کے کرکٹ سٹیڈیم بنائے جارہے ہیں آنے والے دنوں میں دوسرے کھیلوں کے حوالے سے مقابلے شروع کیے جارہے ہیں۔ معاون خصوصی کامران بنگش اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے شارٹ لگاکر چمپئن شپ کا افتتاح کیا۔