پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انڈسٹری اور کامرس عبدالکریم تورڈھیر نے کہاہے کہ صوبے کی ثقافت و آرٹ کی دنیا میں رونمائی ممکن بنانے کیلئے اس کو انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی دینا ہو گی یہ تمام دستکاری اشیاء برآمدات کی جا سکتی ہے ۔
حکومت ان کی سپورٹ کیلئے بلاسود قرضوں کے ذریعے مدد کریگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوک ورثہ اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کی ثقافت و سیاحت کے فروغ کیلئے لگائے جانے والے پویلین کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم قیصر خٹک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارباب حسنین ، افراسیاب خٹک اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام لوک میلہ 2021 میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے کے پی پویلین سجایا گیا ہے جس میں صوبہ کی ثقافت و سیاحت سے متعلق 29 دستکاری اشیاء کے اسٹالز سمیت ایف سی ڈانس، سرندہ اور موسیقی محفل کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔ صوبائی ثقافت پر مبنی ثقافتی سٹالز میں تنکے کا کام، پتھروں کی بنی اشیاء،ووڈن آرٹ، پشاوری چپل،کراکل ،شال،کھڈی کاکام،کپڑوں پر موم سے بنی اشیاء یعنی ویکس پینٹنگ، مٹی سے بنی خوبصورت اشیاء ، گلاس کاروینگ، مختلف ہینڈی کرافٹ، آرٹی فیشل جیولری ، ڈرائی فروٹ اور دیگر شامل ہیں ۔ میلے میں آنے والے غیر ملکی سیاحوں ، فیمیلز ، شہریوں اور نوجوانوں کیلئے خیبرپختونخوا کی روایتی موسیقی سرندہ اور ایف سی ڈانس پرفارمنس رکھی گئی ہے تاکہ شرکاء خوب محظوظ ہوسکیں ۔
میلے میں خیبرپختونخوا کے فنکاروں کی پرفارمنس کیلئے موسیقی نائٹ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جو آج 2 نومبر کو منعقد ہوگی جس میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ پیش کرینگے ۔ لوک ورثہ میلہ7 نومبر تک جاری رہےگا ۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم نے کہاکہ وزیراعلیٰ محمود خان نے انڈسٹری کی بحالی کیلئے دس ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی منظوری دی ہے جس میں کورونا سے متاثرنجی انڈسٹری کو دیئے جائینگے اور محکمہ امورنوجوانان کے ذریعے 3.8بلین روپے ہے اس کیلئے 20 لاکھ روپے تک قرضے دیئے جائینگے ۔
خیبرپختونخوا پویلین کا دورہ کرنے والی فیمیلز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی ثقافت اور موسیقی کا الگ مزہ ہے لوک ورثہ آنے کے بعد خیبرپختونخواپویلین کا دورہ نہ کریں تو یہ دورہ نامکمل ہے ۔ خیبرپختونخوا کے ہینڈی کرافٹ اور ہنر مند کا کام دنیا میں پسند کیا جاتا ہے ۔