پشاور ( سپورٹس رپورٹر) انڈر 21 خیبر پختونخواکھیلوں کے سلسلے میں باسکٹ بال کے مقابلے قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں جاری ہیں جس میں پہلے روز 12میچوں کا فیصلہ ہوا جن میں ہری پور ، ڈی آء خان ، پشاور ، دیر، ایبٹ آباد، نوشہرہ، بٹگرام، خیبر،چارسدہ،سوات ، ٹانک اور باجوڑ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے کوالیفائی کر لیا ۔ ان مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے ایک پروقار تقریب میں کیا جبکہ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران دین محمد ، فقیر اعوان اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن سید ثقلین شاہ اور سابق ڈی سی سپورٹس طارق محمود نے بھی وینیو کا دورہ کیا ۔قیوم سپورٹس کمپلیکس کے باسکٹ بال کورٹ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ہری پور نے مردان کو 74-46سے دوسرے میچ میں ڈیرہ اسماعیل خان نے ملاکنڈ کو 54-16تیسرے میچ میزبان پشاور نے شانگلہ کو35-00سے اور دیر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوہاٹ کو 58-50کے سکور سے شکست دی اس میچ میں تین کواٹر میں مقابلہ برابر رہا جبکہ آخری کواٹر میں فتح دیر کے نام رہی ۔اسی طرح ایبٹ آباد نے لکی مروت کو یکطرفہ مقابلے میں43-24سے نوشہرہ نے چترال کو 20-04سے بٹگرام نے کوہستان لوئر کو 4-0سے ضلع خیبر نے سائوتھ وزیرستان کو37-23سے اور چارسدہ نے ہنگو کودلچسپ مقابلے کے بعد 64-54سے سوات نے بونیر کو 18-02سے ٹانک نے تورغر کو8-0سے شکست دی جبکہ باجوڑ کو شمالی وزیرستان کے خلاف واک آوور دیا گیا ۔ قبل ازیں سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ ، سپورٹس رائٹرز کے صدر عاصم شیراز کا کھلاڑیوں اور ٹیموں سے تعارف کروایاگیا جبکہ عاقل شاہ نے صوبائی ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ وہ یہاں لڑکوں کو میرٹ پر منتخب کرنے کی کوشش کریں تاکہ ایک اچھے ٹینلٹ کو آگے لانے کا موقع میسر آ سکے اور اس کے لئے خصوصی کیمپس کا بھی اہتمام کیا جائے ۔