پشاور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان جوڈو فیڈریشن اور خیبرپختونخوا جوڈو ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 27 ویں مینز اور 10 ویں ویمنز نیشنل جوڈو چیمپئن شپ گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس کے ایرینا ہال میں شروع ہوگئی‘ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر حماد بابر اور ٹویوٹا فرنٹیئرز کے اونر شفیق آفریدی نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیا‘مقابلے تین جنوری تک جاری رہیں گے جس میں پاکستان بھر سے چودہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ان میں خیبرپختونخوا‘پنجاب ‘سندھ‘بلوچستان‘اسلام آباد ‘ فاٹا‘ گلگت بلتستان‘آزاد جموں کشمیر‘پاک آرمی ‘واپڈا‘ریلوے ‘پولیس ‘نیوی اور ایچ ای سی شامل ہیں ‘پاکستان آرمی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کررہی ہے پاکستان کے مایہ ناز انٹرنیشنل جوڈو پلیئرز جاپان سے شاہ حسین اور آمنہ ٹویوڈا بھی ان مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اولمپئن شاہ حسین ایشین برانز میڈلسٹ ‘کامن ویلتھ سلور میڈلسٹ‘ساﺅتھ ایشین ٹرپل گولڈ میڈلسٹ اور نیشنل چیمپئن بھی ہیں وہ اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کررہے ہیں
‘شاہ حسین شاہ ہمارے نیشنل ہیرو حسین شاہ کے صاحبزادے ہیں جنہوں نے اولمپک مقابلوں میں برانز میڈل جیتا تھا‘شاہ حسین شاہ نے 2016 کے اولمپک مقابلوں اور ٹوکیو میں ہونیوالے 2020 کے اولمپک مقابلوں میں بھی شرکت کی اور بہترین کارکردگی دکھائی اور اب ان کی نظریں 2024 میں پیرس میں ہونیوالے اولمپک مقابلوں پر مرکوز ہیں‘دوسری جانب جوڈو پلیئر آمنہ ٹویوڈا بھی کئی نیشنل ایونٹ جیت چکی ہیں اور یہ دونوں کھلاڑی پاکستان آرمی کی نمائندگی کررہے ہیں نیشنل چیمپئن شپ میں مردوں کے مقابلوں میں دس ویٹ کیٹیگریز اور خواتین کے مقابلوں میں آٹھ ویٹ کیٹیگریز کے مقابلے ہورہے ہیں مردوں میں 50 کے جی ‘55 کے جی ‘60 کے جی ‘66 کے جی ‘-73 کے جی ‘-81 کے جی ‘-90 کے جی ‘-100 کے جی ‘100 اور اس سے زائد کے جی جبکہ خواتین کے مقابلے 40 کے جی ‘44 کے جی ‘-48 کے جی ‘-52 کے جی ‘-57 کے جی ‘-63 کے جی ‘-70 کے جی اور اوپن کیٹیگری میں ہورہے ہیں ‘
مکس ٹیم ایونٹ بھی ان مقابلوں کا حصہ ہوگا ‘ پاکستان جوڈوفیڈریشن کے نائب صدر مسعود احمد کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں نیشنل چیمپئن شپ میں ملک بھر کے بہترین کھلاڑیوں کی شرکت سے خیبرپختونخوا میں جوڈو کے فروغ و ترقی میں بھرپور مدد ملے گی۔گزشتہ روز ہونیوالے مقابلوں میں 70 کے جی کی کلاس میں پنجاب کی آمنہ خان ‘پنجاب کی سردار فضیلت‘-60 کے جی کی کلاس میں ایچ ای سی کے آکاش‘کے پی کے کے وحید‘ حسین مزمل‘گلگت بلتستان کے تاثیرالدین‘-66 کے جی کی کلاس میں پی ایس پی کے شعیب‘محمد حسین‘ایس ڈبلیو آئی پی کے سلمان خان‘پنجاب کے محمد عمر‘گلگت بلتستان کے جنید کریم‘بلوچستان کے نصیب خان ‘-55 کے جی مقابلوں میں ایچ ای سی کے طلحہ ‘پنجاب کے مہران‘کے پی کے اعجاز‘پی اے کے اکبر علی اور پی ڈبلیو کے صادق ‘-50 کے جی کے مقابلوں میں بلوچستان کے نور خان ‘کے پی کے سلمان خان ‘پی اے کے صابر حسین ‘ایچ ای سی کے ابوسفیان‘-44 کے جی میں بلوچستان کی حلیمہ‘کے پی اے کی آصفہ نور اور -40 کے جی کی کلاس میں بلوچستان کی سکینہ‘ایچ ای سی کی نایاب ‘پنجاب کی ثناءانور ‘پی اے کی سدرہ یوسف اور پی ڈبلیو کی کوثر اقبال نے کامیابیاں اپنے نام کیں۔