وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا کا وفد 4 روزہ دورے پر ملک چین پہنچ گیا۔
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر کے ساتھ جاری پیغام میں بتایا گیا کہ ‘وزیراعظم عمران خان بیجنگ کے بیجنگ کیپٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئے ہیں’۔
بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کے اسسٹنٹ وزیرخارجہ ووجیانگ ہاؤ نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا بیجنگ کیپٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان وزرا کے وفد کے ہمراہ چین کے 4 روزہ اہم سرکاری دورے پر اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے، وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کی اعلیٰ قیادت ملاقاتیں کریں گے اور چین کے تجارتی وفود سے بھی ملیں گے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفد میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاونِ خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری خالد منصور شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیرِ اعظم عمران خان چینی صدر شی جن پنگ اور چینی پریمئیر لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ وزیرِ اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
عمران خان دورہ چین کے دوران بیجنگ میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
قبل ازیں دورے سے متعلق بات کر تے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’21 مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت سے گفتگو کریں گے۔