پشاور( سپورٹس رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس سوات کے زیر اہتمام ونٹرسنو سپورٹس فیسٹیول گزشتہ روز کالام میں شروع ہوگیا’فیسٹیول کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب گزشتہ روز کالام میں منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ریاض علی خان ‘اسسٹنٹ کمشنر کالام ہدایت اللہ ‘ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر فرحت علی خان ‘کاشف خان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں’اس موقع پر سیاحوں کی بڑی تعداد بھی فیسٹیول دیکھنے امڈ آئی’کالام سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول میں میوزیکل شوز’مختلف اشیاء کے سٹالز ‘کھیلوں کے مقابلوں سمیت دیگر سرگرمیاں بھی منعقد کی جارہی ہیں
کھیلوں کے مقابلوں میں کبڈی ‘چک بال’سنو رسہ کشی’روایتی انگور گوشی’رگبی’جوجیٹسواور دیگر کھیل شامل ہیں ‘ فیسٹیول میں کڈز پلے ایریاز بھی بنائے گئے ہیں جہاں چھوٹے بچے بھی مختلف کھیلوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے’فیسٹیول کے دوران خٹک ڈانس’رباب ‘کاشکی ‘ڈرامہ’روایتی موسیقی وغیرہ کے پروگرام بھی شامل ہیں
کالام سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول کی تجویز ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے دی جس کو عملی جامہ پہنایا گیا فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد کھلاڑیوں کو مواقع دینے کیساتھ ثقافت کو اجاگر کرنا اور سیاحوں کے لئے تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہیں اور اس کیساتھ ٹورازم کا فروغ ہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کے مطابق سیاحوں اور فیسٹیول کے تمام شرکاء کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں’تین روزہ فیسٹیول کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں
‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان علی خان فیسٹیول کی مکمل نگرانی کررہے ہیں۔فیسٹیول میں فیملیز کیلئے بھی تفریح کا اہتمام کیا گیا ہے اور ان کے لئے بھی مختلف مقابلے رکھے گئے ہیں ۔کالام اور گردونواح کے عوام سمیت سیاحوں نے بہترین فیسٹیول کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسی طرح کھلاڑیوں اور سیاحوں کومواقع فراہم کرتے رہیں گے اور اس قسم کی مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔