پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی امید کا اظہار کیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان بھی عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں ووٹ دیں گے ، پی ٹی آئی کے بہت سے ایم این اے ہمارے ساتھ ہیں، ان شاءاللہ تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ آئے روزبجلی،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاجاتا ہے، پی ٹی آئی ارکان ناقص حکومتی کارکردگی پر آئندہ انتخابات میں جانےکے لیے پریشان ہیں، تمام ارکان پارلیمنٹ سے عوام یہی پوچھتے ہیں کہ حکومت کب جائےگی؟
دوران گفتگو احسن اقبال نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنا اور عوام کا بھلا چاہتی ہے تو استعفیٰ دیدے، عمران خان کی آج بھی دھرنے والی تقریر ہی ہوتی ہے، آپ یہ سوچیں کہ عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے،عوام کا سوال ہےکہ ہم کب اس حکومت کو گھربھیج رہےہیں؟ پی ٹی آئی اپنے ووٹرزکوکوئی وضاحت نہیں دی سکےگی۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کےکارکن بھی حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں، حکومت ہر میدان میں شکست کھا چکی ہے۔