ضلعی انتظامیہ سوات کے زیر اہتمام میاندم سپورٹس و کلچرل فیسٹیول گزشتہ روز شروع ہوگیا‘اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ مہران خان نے باقاعدہ طور پر فیسٹیول کا افتتاح کیا ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سوات کاشف فرہاد‘ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر فرہاد علی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘

فیسٹیول میں کلچرل پروگرامز، روایتی کھانوں اور ہینڈی کرافٹس کے سٹالزکے علاوہ کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہورہے ہیں‘گزشتہ روز باکسنگ کے مقابلے خان کلب اور یونیورسٹی کلب کے درمیان منعقد ہوئے جس میں خان کلب کے کھلاڑیوں نے کامیابی اپنے نام کی اس کیساتھ مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میں شعراء‘ادباء اور دیگر شخصیات نے بھرپور شرکت کی مصنفین نے اس موقع پر اپنی کتب کی رونمائی بھی کی‘فیسٹیول میں انفارمیشن سنٹر، فوڈ کورٹ، کڈز پلے ایریا، خٹک ڈانس، رباب، ڈرامہ، خاکے، روایتی موسیقی، شاعری وغیرہ بھی شامل ہوں گے،

اے سی خوازہ خیلہ مہران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میاندم میں سوات کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے بھی یہ فیسٹیول منعقد کیا گیا ہے جس سے ثقافت اور کھیلوں کیساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا‘ڈی سی سوات جنید خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایت پر سوات میں سیاحت کے فروغ کیلئے پچھلے چار پانچ ہفتوں میں سوات میں تیسرا بڑا فیسٹیول جاری ہے اس سے قبل کالام سنو فیسٹول، اور گبین جبہ سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے سیاح مختلف مقابلوں، روایتی کھانوں، موسیقی اور دیگر سرگرمیوں سے محظوظ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں جمناسٹک، میراتھان ریس، ہائیکنگ، باکسنگ، باڈی بلڈنگ اور سائیکل ریس کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کا مقصد سوات کے سیاحتی مقامات کو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنا ہے گبین جبہ اور کالام فیسٹیولز سے ملک بھر کے ہزاروں سیاح محظوظ ہوئے جبکہ غیر ملکی سیاح بھی آئے سوات سمیت مالاکنڈ ریجن کے تمام علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور امید ہے کہ خیبرپختونخوا میں اس قسم کے فیسٹیول سے کھیلوں‘ثقافت اور سیاحت کو بھرپور فروغ ملے گا اور یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔