پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر اسٹیٹ بینک نے 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کر دیا ہے۔
قوم اس عہد کی تجدید کے ساتھ آج مادر وطن پاکستان کے یوم آزادی کی 75ویں سالگرہ منا رہی ہے کہ وہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ کام کرے گی۔
پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر اسٹیٹ بینک نے 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کیا ہے، نوٹ سے متعلق اپنے ایک بیان میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی بینک ایک یادگاری نوٹ جاری کر رہا ہے، 75 روپے مالیت کا یہ نوٹ ستمبر 2022 کے آخری ہفتے میں دستیاب ہوگا۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جاری کیے گئے نوٹ کا سبز رنگ نمو اور ترقی کی علامت کے ساتھ ساتھ ملک کی اسلامی شناخت کو اجاگر کرتا ہے، اس میں موجود سفید رنگ جہاں سبز رنگ کی جاذبیت کو اجاگر کرتا ہے وہیں وہ ملک کی کثیر المذہبی ہیئت کا آئینہ دار بھی ہے۔
یادگاری نوٹ کی خصوصیات سے متعلق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ نوٹ کے سیدھے رخ پر ان ممتاز اکابرین ملت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جنہوں نے بلاامتیاز رنگ و نسل برصغیر کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے مسلمانوں کو ایک وحدت ملی میں پرو کر تشکیل و تکمیل پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔
اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ نوٹ کے عقبی رخ پر ماخور اور دیار کی تصاویر ہیں جو کہ تحفظ ماحولیات پر ہماری قومی ترجیحات کا عکاس ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس یادگاری نوٹ کو جدید قابل اعتماد سیکورٹی فیچرز کے ساتھ محفوظ بنایا گیا ہے، حفاظتی دھاگے پر 75 کا ہندسہ قوس قزح کے رنگوں کے اندر تحریر ہے، نوٹ کو حرکت دینے پر دھاگے میں ابھرتی لہر کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔
نوٹ پر 2 واٹر مارک ہیں جن میں قائد اعظم کی تصویر اور 75 کا ہندسہ روشنی میں دیھکنے پر نمایاں ہوتے ہیں، نوٹ کے بالائی حصے میں انتہائی بائیں جانب 75 کا ہندسہ درج ہے، نوٹ کو حرکت دینے پر 75 کا ہندسہ سبز اور سنہری رنگ کے مابین تبدیل ہوتا رہتا ہے۔
نوٹ کے اوپری حصے پر موجود ہندسے ابھری ہوئی چھاپائی سے مزین ہیں جنہیں انسانی ہاتھ با آسانی محسوس کرسکتے ہیں، ان میں اکابرین کی تصاویر، نوٹ کے زیں حصے پر 75 کا ہندسہ اور اس سے جڑی 5 متوازی لائنیں شامل ہیں 75 کا ہندسہ اور یہ پانچ لائنیں بینائی سے محروم افراد کے لیے نوٹ کو پہچاننے میں بطور خاص معاون ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے یادگاری نوٹ پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، سر سید احمد خان اور فاطمہ جناح کی تصاویر موجود ہیں۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ یادگاری نوٹ پر تصاویر تحریک پاکستان کی کوششوں کے اعتراف میں جاری کی گئی ہیں۔