خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ نئی آبادی میں پولیو ٹیم پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نیتجے میں سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹانک میں تھانہ گومل کی حدود کچرا گرہ میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر اچانک فائرنگ شروع کی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت کانسٹبل نثار اور پیر رحمٰن کے نام سے ہوئی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔تحریر جاری ہے
خیال رہے کہ ٹانک میں 10روزہ پولیو مہم کل شروع ہوئی تھی، جو 24 اگست تک جاری رہے گی۔
ٹانک پولیس کے شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ڈی پی او آفس میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ افسران، سیکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کے اراکین نے شرکت کی۔
تمام افسران نے شہدا کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور سلامی پیش کی اور شہدا کی بلندی درجات، امن کے قیام اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی اور افسران کی جانب سے شہدا کے ورثا کے ساتھ مالی تعاون کیا گیا۔
نماز جنازہ میں کمشنر ڈیرہ اسمٰعیل خان عامر آفاق، آر پی او ڈی آئی خان شوکت عباس، ڈی پی او ٹانک وقار احمد، ڈی سی ٹانک حمید اللہ خٹک اور ڈی او ایف سی سرمست خان سمیت سیکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کے افسران، تحصیل میئر ٹانک صدام خان بھٹنی، میڈیا کے نمائندوں اور ٹانک پولیس کے جوانوں نے کافی تعداد میں شرکت کی تھی۔