پشاور(سپورٹس رپورٹر)پشاور کے ممتاز پہلوان عنایت اللہ خان کا کامن ویلتھ گیمز میں برانز میڈل جیتنے کے بعد پشاور پہنچنے پر شاندار اسقتبال کیا گیا’پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر’پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے چیئرمین سید عاقل شاہ کی قیادت میں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن سے ملحقہ تمام کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداروں نے اپنے قومی ہیرو کا استقبال کیا سب ان کے گھر واقع ورسک روڈ گئے جہاں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے’عنایت اللہ خان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے’پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں’
صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت انہیں ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام دیا جبکہ تائیکوانڈو تنظیم کی روح رواں صبا شمیم نے بھی ان کے لئے دس ہزار نقد انعام بھجوایا’سید عاقل شاہ کے ہمراہ صوبائی ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر ارشاد درانی ایڈوکیٹ’پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طارق پرویز’الیاس آفریدی’محمد آصف اورکزئی’مسعود احمد سمیت دیگر تنظیموں کے عہدیدار و اراکین موجود تھے
اس موقع پر سید عاقل شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عنایت اللہ خان نے ایک مرتبہ پھر ملک وقوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے سہولتوں کے فقدان کے باوجود عنایت اللہ خان نے اپنے کوچ و والد زاہد خان اور اپنے بھائی نعمت اللہ خان کی کاوشوں اور محنت سے بڑی کامیابی حاصل کی جو پورے ملک کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے اگر انہیں سہولتیں’مواقع’ڈائٹ’کوچنگ اور دیگر بیرون ممالک ٹریننگ دلوائی جائے تو وہ ہر سطح پر ملک و قوم کے لئے گولڈ میڈل لاسکتے ہیں اور امید ہے کہ وہ مزید اعزازات بھی لائیں گے حکومت پاکستان اور کے پی حکومت کو بھی ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہئے اور انہیں ان کے گائوں میں جہاں وہ اپنے حجرے میں لگائے گئے ایک میٹ پر ٹریننگ کرتے ہیں انہیں انٹرنیشنل سٹینڈرڈ میٹ فراہم کیا جائے اگر میٹ مل جائے تو باقی انتظامات اولمپک ایسوسی ایشن کرے گی
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی انہوں نے حوصلہ افزائی کی اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ ریسلنگ اب اکھاڑے کا کھیل نہیں رہا یہ اب میٹ پر کھیلی جاتی ہے اور یہ ایک سائنٹیفک کھیل بن گیا ہے امید ہے کہ ہمارے کھلاڑی مستقبل میں مزید کامیابیاں اپنے نام کریں گے عنایت اللہ خان نے سید عاقل شاہ اور پوری اولمپک فیملی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سہولتیں دی جائیں تو میری طرح بہت کھلاڑی آگے جاسکتے ہیں ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ستر سے زائد کھلاڑی روزانہ کی بنیاد پر ٹریننگ کرتے ہیں’صوبائی ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدرارشاد درانی ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہی ہمارے اصل ہیرو ہیں عنایت اللہ خان اور ان کی فیملی نے کئی اعزازات جیتے اور ملک و قوم کانام روشن کیا جو بڑا اعزاز ہے ان کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔