وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے بورڈ نے قرض بحالی پروگرام کی منظوری دے دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ الحمداللہ آئی ایم ایف کے بورڈ نے ہمارے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کی بحالی کی منظوری دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں اب عالمی مالیاتی ادارے سے ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط ملنی چاہیے’۔
مفتاح اسمٰعیل کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے متعدد سخت فیصلے کیے اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا’۔
بعد ازاں، مفتاح اسمٰعیل نے جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج آئی ایم ایف سے پاکستان کا قرض پروگرام منظور ہوا ہے، دنیا کے تمام ممالک نے ہمارے حق میں ووٹ دیا ہے، صرف بھارت نے ہمیں ووٹ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شخص چاہتا تھا کہ یہ پروگرام ہو جائے لیکن تیمور جھگڑا اور شوکت ترین دوسری طرف کھڑے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جو پروگرام میں نے کیا ہے اگر اس میں کوئی غلطی ہے تو بتائیے، مفتاح اسمٰعیل کہتا ہے کہ 153 ارب روپے کا پرائمری سرپلس دوں گا، اگر آپ کے خیال میں وہ ٹھیک ہے یا غلط تو بتائیں، یہ عام سیاست ہے، اس پر بحث کریں۔
اسد عمر کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام دیر سے بحال ہونے سے متعلق کے گئے بیان کے حوالے سے سوال پر مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ اسد عمر 9 مہینے وزیر خزانہ رہے لیکن وہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام نہیں کرسکے، میں وزارت سنبھالنے کے دوسرے روز آئی ایم ایف سے پروگرام بحال کرنے کے لیے چلا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں نے میرا ساتھ دیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام ہو جائے، ہم نے پروگرام کو ایک سال بڑھایا ہے اور اس سال پروگرام میں 4 ارب ڈالر کروالیے، اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے کہا کہ فنڈنگ میں 4 ارب ڈالر کا گیپ ہے تو ہم پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لے آئے، شہباز شریف اور میں قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب گئے۔
مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ جب ان کی حکومت ختم ہوئی تو چین نے پیسے واپس لے لیے تھے، ہم لوگ وہ پیسے واپس لائے ہیں، چین نے پاکستان میں 2 ارب 50 کروڑ ڈالر جمع کروائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اسحٰق ڈار اور نوازشریف دونوں خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کو پتا ہے کہ پاکستان میں سیلاب آئے ہوئے ہیں اور آدھا پاکستان ڈوبا ہوا ہے، پاکستان کے غریب ترین لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں، عرب ممالک اور یورپی ممالک سمیت دیگر ممالک ہمیں امداد دے رہے ہیں، کل ہم اپیل کریں گے جس سے کم از کم 16 کروڑ ڈالر آئیں گے۔