ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور انٹربینک میں روپے کی قدر میں مزید ایک روپے 72 پیسے کی کمی واقع ہو گئی۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انٹر بینک میں مقامی کرنسی دوپہر 12 بجے 229 روپے 9 پیسے فی ڈالر پر ٹریڈ کررہی تھی جو روپے کی 0.75 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
اسی دوران ڈالر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 234 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔تحریر جاری ہے
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں درآمدی بل میں متوقع اضافہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سے رقم موصول ہونے پر سرمایہ کاری کا وعدہ کرنے والے دوست ممالک نے اپنے وعدوں پر اب تک عمل نہیں کیا۔
ظفر پراچہ نے کہا وعدوں کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ پاکستان کی سیاسی صورتحال ، کرپشن اور رقم کی ادائیگی کے حوالے سے ماضی کا ریکارڈ ہے، ہمارا خیال تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے رقم کی ادائیگی کے بعد روپے کی قدر میں 10 سے 20 فیصد تک اضافہ ہوگا لیکن ایسا نہیں ہوا۔