شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہوگیا، ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز ہوگیا جہاں پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دے دی۔
نمیبیا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے اور جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا۔
مڈل آرڈر بلے باز جان فرائلنک اور جے جے سمٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
جان فرائلنک 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جے جے سمٹ نے ناقابل شکست31 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، پے درپے اس کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس طرح یہ میچ نیمیبیا نے 55 رنز سے جیت کر میگا ایونٹ میں پہلا اپ سیٹ کردیا۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کے شہر جی لانگ کے کارڈینیا پارک اسٹیڈیم میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے جہاں پہلے میچ میں نمیبیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھے۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت داسن شنکا کر رہے تھے جب کہ نمیبیا کے کپتان جیرہارڈ ایراسمس تھے۔
آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، مین گراؤنڈ کے لیے مجموعی طور پر 12 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر 4 ٹیمیں مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی، مین راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔