ٹی20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ نے دو مرتبہ کی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست دے کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کردیا اور سپر 12 راؤنڈ کے لیے کرالیفائی کر لیا۔
ہوبارٹ میں کھیلے جا رہے ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کے خلاف ٹااس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی کھل کر بیٹنگ کرنے میں ناکام رہی اور برینڈن کنگ کے سوا کوئی بھی ویسٹ انڈین بلے باز آئرش باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔
برینڈن کنگ نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جانسن چارلس نے 24 اور اوڈین اسمتھ نے 19 ربنز بنائے۔تحریر جاری ہے
آئرلینڈ کے گیرتھ ڈیلینی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز کے کوٹے میں 16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔
ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے اوپنرز نے جارحانہ انداز سے اننگز کا آغاز کیا اور 10 رنز فی اوور کی اوسط سے رنز بناتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑ کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
ویسٹ انڈیز کو پہلی اور واحد کامیابی آٹھویں اوور میں ملی جب کپتان اینڈ بلبرائن 3 چھکوں اور دو چوکوں سے مزین 37 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کی وکٹ بن گئے۔
اس کے بعد تجربہ کار پال اسٹرلنگ کا ساتھ دینے لورکان ٹکر آئے اور دونوں نے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کو 18ویں اوور میں ہدف تک رسائی دلا کر شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
اسٹرلنگ اور ٹکر نے 77 رنز کی ساجھے داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو 9 وکٹوں سے فتح دلا دی،۔ اسٹرلنگ نے 66 جبکہ ٹکر نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم نے سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
گیرتھ ڈیلینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔