ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جس کے بعد میزبان اور دفاعی چمپیئن آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے آغاز میں 39 رنز کی شراکت کی تاہم کرس ووکس نے انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔تحریر جاری ہے
کوشل مینڈس آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جو 14 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بنا سکے۔
دھنانجیا ڈی سلوا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کا اسکور 72 رنز تھا، جس کے بعد 84 کے اسکور پر چاریتھ اسالینکا 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اینڈ سے پاتھم نسانکا نے ذمہ داری بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 118 کے اسکور پر عادل راشد کی وکٹ بن گئے۔
نسانکا نے 45 گیندوں کا سامنا کر کے 2 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کے مارک ووڈ نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور سری لنکا کے بلے بازوں کو مشکلات سے دو چار کیا اور کپتان داسن شناکا کی 3 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
آخری اوور کی دوسری گیند پر مارک ووڈ نے بھانوکا راجاپکسا کو بھی آؤٹ کردیا جنہوں نے 22 گیندوں کا سامنا کرکے 22 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے شامل تھے اور اس وقت سری لنکا کا اسکور 140 رنز تھا۔
سری لنکا کی 3 وکٹیں آخری اوور میں گریں اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 141 رنز بنالیے۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، بین اسٹوکس، عادل رشید، کرس ووکس اور سیم کیوران نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے 7 اوورز میں 75 رنز کا شان دار آغاز کیا۔
کپتان جوز بٹلر 23 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بنا کر ڈی سلوا کو وکٹ دے گئے۔
انگلینڈ کی دوسری وکٹ 82 کے اسکور پر گری جب الیکس ہیلز 3 رنز کے فرق سے نصف سنچری مکمل نہ کرپائے، انہوں نے 30 گیندوں کا سامنا کیا اور ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
بین اسٹوکس تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور ٹیم کو آخری اوور تک لے گئے اور ٹیم کو جیت سے ہم کنار کیا جبکہ دوسرے اینڈ سے بلے باز مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔
ہیری بروکس اور لیام لیونگسٹن 4،4، سیم کیوران 6 اور معین علی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ نے ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا کر حاصل کرلیا اور میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔
بین اسٹوکس اور کرس ووکس نے بالترتیب 42 اور 5 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
سری لنکا کے لہیرو کمارا، ہسارنگا ڈی سلوا اور دھنانجیا ڈی سلوا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کے عادل رشید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلینڈ نے اس کامیابی کے ساتھ ہی ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کرلی جبکہ میزبان آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی اور اپنے ٹائٹل کا دفاع نہیں کرپائی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ون سے سیمی فائنل کی ریس مکمل ہوئی جہاں سے نیوزی لینڈ پہلے کوالیفائی کرچکا تھا تاہم گروپ ٹو سے دو ٹیموں کا فیصلہ کل ہوگا۔