قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ مسلسل 4 کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بھی جیتیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق 2009 کی چیمپیئن ٹیم کو موجودہ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں بھارت اور زمبابوے سے آخری بال پر شکست ہوئی تھی لیکن انہوں نے ٹورنامنٹ میں کم بیک کیا، پاکستان اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔
میچ سے قبل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ابتدائی 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ہم نے اس کے بعد میں 4 میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نروس نہیں بلکہ زیادہ پُرجوش ہوں، اس میں کوئی شک نہیں کہ دباؤ ہوگا لیکن اس کو اعتماد اور اپنے اوپر یقین کے ساتھ قابو پایا جاسکتا ہے اور اچھے نتائج کے لیے ایسا کرنا ہوگا۔تحریر جاری ہے
اے ایف پی نے رپورٹ میں بتایا کہ جوز بٹلر کے زیرِ قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم مضبوط نظر آتی ہے لیکن بابر اعظم کو فاسٹ باؤلر کی وجہ سے ایڈوانٹیج ضرور حاصل ہے، خاص طور پر پاور پلے کے 6 اوورز میں۔
بابر اعظم نے بتایا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم مضبوط ہے، بھارت کے خلاف (10 وکٹوں) سے کامیابی اس بات کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اسٹرٹیجی یہ ہے کہ اپنے پلان پر عمل کریں اور اپنے فاسٹ باؤلر کی کارکردگی کی بنیاد پر فائنل میں کامیابی حاصل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے کا فائدہ اٹھانا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
پاکستان کی جانب سے فائنل کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نے کرنے امکان ہے، جس میں شاہین شاہ آفریدی خطرناک باؤلنگ اٹیک کی قیادت کریں گے جبکہ بیٹنگ میں نگاہیں بابراعظم اور محمد رضوان کی طرف ہوں گی۔