پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے اوپر الزامات لگائے گئے ہیں کہ ہم نے آرمی چیف کی تعیناتی متنازع کر دی، میں نے کبھی متنازع نہیں بنایا، میں تو کہتا ہوں کہ جو میرٹ پر ہے اس کو آرمی چیف بنانا چاہیے۔
لالہ موسی میں جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ مجھے تو اپنا آرمی چیف نہیں چاہیے، مجھے اپنا جج، آئی جی اور نہ ہی اپنا نیب کا سربراہ چاہیے، مجھے بہترین میرٹ پر لوگ چاہئیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر آدمی ان (نواز شریف) کا اپنا ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اسلام آباد کا آئی جی بنایا، اس آئی جی کو سیف سٹی کیس میں سزا ہونے والی تھی کیونکہ وہ کرپٹ ہے اس لیے اس (شہباز شریف) کی خدمت کرے گا اور ہر ناجائز کام کرے گا۔