انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے میچ میں عالمی شہرت یافتہ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مارے گئے چھکے کو ٹی20 کی تاریخ کا بہترین شاٹ قرار دے دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں کئی ڈرامائی، دلچسپ اور سنسنی خیز لمحات اور مناظر دیکھے گئے لیکن ان میں کچھ مواقع ایسے تھے جو فیصلہ کن ثابث ہوئے اور ان لمحات نے میچ کے نتائج پر گہرا اثر ڈالا۔
انہی میں سے ایک فیصلہ کن اور ڈرامائی لمحہ وہ تھا جب عالمی شہرت یافتہ بھارتی بلے ویرات کوہلی نے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی کرائی گئی ایک گیند پر چھکا مارتے ہوئے اسے لانگ آف باؤنڈری لائن سے باہر پھینک دیا۔
ایک ایسے وقت میں جب بھارتی کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار نظر آرہی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ اب بہت دیر ہوچکی ہے کیونکہ بھارت کو صرف 8 گیندوں پر 28 کی ضرورت تھی جبکہ حارث رؤف نے بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کی آخری دو گیندیں کرانے سے قبل تک صرف 24 رنز دیے تھے، لیکن اس مرحلے پر ویرات کوہلی نے اپنی عظمت کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت کو فتح سے ہمکنار کرایا۔تحریر جاری ہے
حارث رؤف کی جانب سے بھرپور رفتار سے کرائی گئی اس گیند کو کھیلنا اتنا آسان نہیں تھا لیکن بھارتی اسٹار نے جس طرح اس گیند کو کھیلا، وہ بال اس طرح کے برتاؤ کی مستحق نہ تھی۔
اسٹار بلے باز نے گیند کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی باؤنڈری لائن سے باہر پھینک کر اسے کرکٹ کی تاریخ کے یادگار لمحات میں سے ایک بنا دیا۔
اگلی ہی گیند پر ایک اور چھکا اچانک ہی بھارت کو میچ میں واپس لے لیا اور ان کی پوزیشن مضبوط کردی اور اگلے اوور میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، اہم میچ میں بھارت نے ویرات کوہلی کے شاندار 82 اور ہاردک پانڈیا کے 40 رنز کی بدولت پاکستان کا 160 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا تھا۔
اسی طرح سے میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی باؤلنگ اسٹار شاہین شاہ آفریدی کا انگلینڈ کے مڈل آرڈر بلے باز ہیری بروکس کا زبردست کیچ تھا جس نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
تاہم یہ لمحہ پاکستان کے لیے زیادہ فائدہ ثابت نہ ہوا کیونکہ یہ کیچ لیتے ہوئے شاہین انجری کا شکار ہوئے اور پھر اسی وجہ سے اپنے کوٹے کے اہم اوورز مکمل نہ کر سکے۔
اس موقع سے انگلینڈ بالخصوص معین علی اور بین اسٹوکس نے پورا فائدہ اٹھایا اور اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرا دیا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے سیم کرن اور بین اسٹوکس کے عمدہ کھیل کی بدولت پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔