وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے حاجی غلام علی کو خیبر پختونخوا کا گورنر مقرر کرنے کے لیے سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردی ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حاجی غلام علی کا نام صدر مملکت کو ارسال کردیا ہے، صدر کی منظوری کے بعد حاجی غلام علی خیبرپختونخوا کے گورنر ہوں گے۔
یاد رہے کہ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر خیبر پختونخوا مشتاق غنی اس وقت قائم مقام گورنر کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
سینیٹ کی ویب سائٹ کے مطابق حاجی غلام علی مارچ 2009 سے مارچ 2015 تک سینیٹر رہ چکے ہیں اس کےعلاوہ وہ ستمبر 2012 سے ستمبر 2015 تک خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے رکن بھی تھے۔
حاجی غلام علی 2009 سے 2012 تک سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات اور براڈ کاسٹنگ میں بطور چیئرمین ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما حاجی غلام علی کو سال 2012 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
حاجی غلام علی، مولانا فضل الرحمان کے داماد فیاض علی کے والد بھی ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد 11 اپریل 2022 کو پی ٹی آئی رہنما شاہ فرمان گورنر خیبرپختونخوا کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما عمران اسمٰعیل بھی گورنر سندھ کے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے تھے۔
خیبر پختونخوا کے گورنر کا عہدہ گزشتہ کئی ماہ سے خالی تھا جس پر تقرر کے سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اتحادی جماعتوں سے مشاورت بھی ہو رہی تھی۔