سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی نے اپنے مفادات کے لیے ویڈیو خود بنائی مگر عمران خان سادہ انسان ہیں جو سب پر اعتماد کر لیتے ہیں۔
نجی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جرگہ‘ میں سینیٹر اعظم سواتی سے متعلق بات کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ ’یہ کہنا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے گیسٹ ہاؤس میں تھا اور پھر سپریم کورٹ کا اس بات کو مسترد کرنا، پھر یہ کہنا کہ دوسرے گیسٹ ہاؤس میں تھا اور وہاں سے بھی جواب آنا اور اس کے بعد کہنا کہ ’اصل ویڈیو‘ بیوی بچوں کے پاس ہے پھر ان کو امریکا بھیج دینا اور اس کے بعد گالم گلوچ کرنا پھر جب کچھ کام نہ آیا تو مارچ کرنا، یہ سب کچھ کیوں ہوا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ٹیم پر اندھا اعتماد کرتے ہیں جنہوں نے انہیں بند گلی میں پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کچھ اچھے لوگ بھی ہیں جو بہت قابل ہیں مگر ان کو کبھی آگے آنے کا موقع نہیں دیا گیا کیونکہ پارٹی کو شکنجہ بنایا ہوا ہے اور ایک لابی کے تحت کام ہوتا ہے۔
فیصل واڈا نے کہا کہ میں نے عمران خان کی لائن عبور نہیں کی بلکہ انہوں نے جو سیاست، سبق اور لائن سکھائی میں اسی پر رہا اور ہمیشہ ان کے لیے دل سے کام کیا اور ابھی بھی جو کام کیا اس کی بدولت مجھے پارٹی سے تحفے کے طور پر نکال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میری پریس کانفرنس، عمران خان اور ان کی سیاست بچانے کے لیے تھی اور میں نے جو کہا وہ ہو بھی گیا۔