ملک میں جاری سیاسی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال کے سبب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مسلسل تیسرے روز مندی کا رجحان جاری رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 490 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 490 پوائنٹس یا 1.23 فیصد کم ہو کر 39 ہزار 343 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
ابا علی حبیب سیکیوریٹریز کے سلمان نقوی نے بتایا کہ اس کی بنیادی وجہ سیاسی غیریقینی اور پنجاب اسمبلی کی صورتحال ہے جس کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔تحریر جاری ہے
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورنر راج لگانے کے حوالے سے یا تحریک عدم اعتماد کے ذریعے (وزیراعلیٰ کو ہٹانے کے حوالے) سے افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
سلمان نقوی نے بتایا کہ معاشی صورتحال بھی ہمارے سامنے ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے جانب سے رقم آنے کے حوالے کی بھی کوئی ضمانت نہیں ہے، اسی طرح بجلی کے نرخ میں بڑے اضافے کی بھی متضاد افواہیں ہیں، ان وجوہات کی وجہ سے مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ ہے حالانکہ صبح کچھ استحکام آیا تھا۔
گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 40 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے چلا گیا تھا۔
تجزیہ کار، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کو پنجاب میں سیاسی بحران سے جوڑنے کے ساتھ ملک کی بگڑتی معاشی صورتحال کو بھی قرار دے رہے ہیں۔