ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای کیپ) کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فکس ریٹ (کیپ) ہٹانے کے ایک روز بعد انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی آگئی ہے۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 12 روپے یا 4.94 فیصد کی ریکارڈ کمی کے بعد ڈالر 255 روپے پر فروخت ہورہا ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر گزشتہ روز 230.89 روپے پر بند ہونے کے بعد آج روپے کی قدر میں 9.11 روپے یا 3.95 فیصد کمی کے بعد ڈالر 240 روپے پر آگیا۔
اسمٰعیل اقبال سیکیورٹیز نے کہا کہ انٹربینک مارکیٹ میں شرح تبادلہ بھی ریکارڈ بلندی پر ہے اور اسحٰق ڈار کے وزارت خزانہ سنبھالنے کے بعد سے روپے کی قدر میں جتنی بحالی ہوئی تھی وہ سب ختم ہوگئی ہے۔تحریر جاری ہے

مالیاتی ڈیٹا اور تجزیاتی پورٹل میٹیس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈالر کو بڑھنے کی اجازت دینے کا اقدام مارکیٹ کے لیے خوش آئند ہے، تاہم مارکیٹ میں ڈالر فروخت کرنے والا کوئی نہیں ہے بلکہ صرف وہ لوگ ہیں جو اس وقت ڈالر خریدنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے 24 جنوری کو چین کو قرض کی ادائیگی کی تھی جس کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرض پروگرام کے نویں جائزے کو مکمل کرنے کے لیے مارکیٹ پر مبنی شرح مبادلہ کی پابندی کرنا لازمی شرائط میں سے ایک ہے۔