ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی فی تولہ سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 900 روپے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 95ہزار 500 روپے کی سطح پر آ گئی۔
جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار900 روپے کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ ہی سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 95 ہزار 500 روپے کی ریکارڈ سطح پر آگئی۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 11 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد وہاں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار 936 ڈالر ہو گئی ہے۔
ملک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ملک میں سونے کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین صرافہ ایسوسی ایشن حاجی ہارون رشید چاند نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں ایک دن میں نو فیصد سے زائد اضافے کے اثرات سونے کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو آنے والے دنوں میں سونے کی فی تولہ قیمت سوا دو لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈالر اس قیمت پر مستحکم ہوجاتا ہے تو پھر سونے کی قیمت یہاں سے کم ہونے کے بھی کافی امکانات ہیں۔