بھارتی فضائیہ کے 2 لڑاکا طیارے مشق کے دوران گر کر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے 2 لڑاکا طیارے نئی دہلی کے جنوب میں مشق کے دوران گر کر تباہ ہوئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دیگر 2 زخمی ہوگئے۔
دونوں طیاروں نے صبح سویرے گوالیار ایئر بیس سے اڑان بھری تھی۔
لڑاکا طیارہ سو-30 میں 2 پائلٹ موجود تھے جبکہ میراج طیارے میں ایک پائلٹ موجود تھا۔
پولیس افسر دھارمندر گور نے اے ایف پی کو بتایا کہ 2 لڑاکا طیاروں میں سے ایک طیارے کے پُرزے ملے ہیں اور پہادگڑھ جنگل سے ایک زخمی پائلٹ ملا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں طیاروں کے فضا میں تصادم کی تصدیق کے لیے تحقیقات کررہی ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیو راج سندھ چوہان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور بحالی کے کام کے لیے مقامی انتظامیہ کو بھارتی فضائیہ سے تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔