بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ کی جانب سے مغل بادشاہوں اور مغلیہ سلطنت پر بنائی گئی متنازع ویب سیریز ’تاج ڈیوائڈ بائے بلڈ‘ کو ریلیز کردیا گیا۔
ویب سیریز کی کہانی مغل بادشاہوں، ان کے شہزدوں، کنیزوں اور مغل بادشاہوں کے محلات میں ہونے والی سازشوں اور خون خرابے کے گرد گھومتی ہے۔
ویب سیریز میں مغلیہ سلطنت کے آخری دور کو دکھایا گیا ہے اور اس میں انار کلی سمیت دیگر کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ویب سیریز کے جاری کیے گئے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس میں بھی مغلیہ سلطنت اور بادشاہوں کو روایتی بولی وڈ فلموں کی طرح دکھایا گیا ہے، یعنی انہیں جنگجو، ظالم، لٹیروں اور بادشاہت کے بھوکے افراد کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز کی ریلیز کے بعد ایک بار پھر ہندوستان بھر میں مغل بادشاہوں کی تاریخ اور بادشاہت پر بحث ہونے لگی ہے اور لوگ انہیں ظالم قرار دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویب سیریز میں مغل شہزادوں کو کنیزوں اور دولت کی خاطر اپنے بڑوں سے سازشیں کرتے اور محلات میں خون خرابا کرتے دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز میں روایتی بولی وڈ فلموں کی طرح مسلمان بادشاہوں یعنی مغل بادشاہوں کو اقتدار کا بھوکا، کنیزوں پر ریاستیں اور ملکیتیں لٹانے والے بادشاہوں کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز میں نصیر الدین شاہ کو اہم کردار میں دکھایا گیا ہے جب کہ انارکلی کا کردار ادیتی راؤ حیدری نے ادا کیا ہے اور شہزادہ سلیم کا روپ عاشم گلاٹی نے دھارا ہے۔
نصیر الدین شاہ، دھرمیندر، ادیتی راؤ حیدری، عاشم گلاٹی، طحہٰ شاہ اور سندھیا مریدل سمیت دیگر کاسٹ پر مبنی ویب سیریز کے پہلے سیزن کو رواں ماہ مارچ کے آغاز میں جاری کیا گیا تھا۔