پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی عیدالفطر سے قبل کرنا ممکن نہیں ہے۔
یہ اعلان صوبہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات فیروز جمال اور مشیر خزانہ حمایت اللہ فیروز جمال نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں ںے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشنز یکم مئی کو جاری کی جائیں گی، مالی مشکلات کے باعث تنخواہیں عید سے قبل جاری نہیں کی جا سکتی ہیں۔
صوبائی مشیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف ڈیل میں ٹیکس کلیکشن میں رکاوٹیں دور کردی ہیں، خیبرپختونخوا سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2022 کے تحت رولز بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا متعلقہ رولز سے سالانہ تقریباً 5 ارب روپے صوبائی محصولات میں اضافہ ممکن ہوگا، صوبائی کابینہ نے متعلقہ رولز کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
صوبائی مشیر خزانہ حمایت اللہ نے کہا رواں سال وفاق سے بجلی منافع مد میں ایک پائی بھی نہیں ملی، صوبے کو 90 ارب روپے شارٹ فال کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی ملازمین کو عیدالفطر سے قبل تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم میاں شہباز شریف نےاس ضمن میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو فوری طور پر انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔