سابق وزیراعظم نواز شریف کل دبئی سے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ممکنہ طور پر دس دن تک قیام کریں گے۔
ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیئر صحافی مرتضی علی شاہ نے کہا کہ سعودی عرب سے نواز شریف دوبارہ دبئی آئیں گے جہاں وہ دو دن رکیں گے اور اس کے بعد وہ لندن چلے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں نواز شریف کی آصف زرداری سے صرف ایک مرتبہ ملاقات ہوئی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بات ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن کی جائے گی مگر پرانی سیاست نہیں دہرائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کو متحدہ عرب امارات میں رائل فیملی نے سرکاری پروٹوکول دیا اور ان کی اعلی سطحی ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔
ن لیگ کے قائد نواز شریف کی پاکستان واپسی پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی طے ہے، ممکنہ طور پر وہ اگست کے آخر یا ستمبر کے آغاز میں پاکستان پہنچیں گے۔