وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ موصول ہوگئے ہیں۔
اسی سلسلے میں ایک مختصر نیوز کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب نے وعدہ کیا تھا کہ وہ 2 ارب ڈالر کا ڈپازٹ پاکستان کو دیں گے، اب یہ کریڈٹ اسٹیٹ بینک کے پاس آچکا ہے۔
اسی حوالے سے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ رقم کی اس آمد سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہ 14 جولائی 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگا۔تحریر جاری ہے
ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی عرب کی قیادت بالخصوص خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی آنے والے دنوں میں مزید اچھی پیش رفت ہوں گی اور پاکستان کے معاشی معاملات میں اب استحکام سے بہتری کی جانب سفر ہوگا۔
اس پیش رفت پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی جانب سے وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 2 ارب ڈالر ڈپازٹ کرنے پر سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کے شکر گزار ہیں۔
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کےلیے مالیاتی معاونت یقینی بنانے پر وہ بالخصوص اپنے بھائی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سعودی عرب کی جانب سے معاونت کی فراہمی سے پاکستان کی اقتصادی بحالی و بہتری کے ضمن میں برادر ممالک اور عالمی برادری کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی ہورہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے اس معاونت سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، ہم پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔