صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے فاضل پور میں ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیور کی آنکھ لگنے سے تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ انچارج ریسکیو ڈاکٹر اسلم کے مطابق زخمیوں کو فاضل پور ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچوں اور ایک خاتون سمیت 5 افراد شامل ہیں، حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے سبب ہوا، مسافر بس سخی سرور سے جیکب آباد جارہی تھی۔
قبل ازیں ترجمان ریسکیو 1122 فاروق احمد نے بتایا تھا کہ ریسکیو 1122 نے 21 افراد کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کردیا ہے، اس افسوس ناک واقعہ میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس متعدد ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں جن کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔