سابق وزیرخارجہ اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر گوہر ایوب خان 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل اور ان کے صاحبزادے عمر ایوب خان نے کہا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب خان مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
گوہر ایوب خان پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمرایوب خان کے والد تھے اور ان کی نماز جنازہ ہفتہ (18 نومبر) 2023 کو خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں ان کے گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی۔
عمر ایوب خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ گوہر ایوب خان کی نمائز جنازہ ہفتے کو سہ پہر 3 بجے ادا کی جائے گی اور قل 19 نومبر 2023 کو عمر ایوب خان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق گوہر ایوب خان نے کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
خیال رہے کہ 1937 میں پیدا ہونے والے گوہر ایوب خان سابق فوجی حکمران جنرل ایوب خان کے بیٹے تھے اور 1990 میں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی رہے۔
گوہر ایوب خان 4 نومبر 1990 سے 17 اکتوبر 1993 تک قومی اسمبلی کے اسپیکر رہے۔
بعد ازاں 1997 میں مسلم لیگ (ن) کی وفاق میں حکومت قائم ہوئی تو وہ ملک کے 20 ویں وزیرخارجہ مقرر ہوئے اور 7 اگست 1998 کو ان کو وزارت خارجہ سے ہٹا کر وزیر پانی اور بجلی مقرر کیا گیا اور ان کی جگہ سرتاج عزیز وزیرخارجہ مقرر ہوئے۔
سابق جنرل پرویز مشرف نے 1999 میں ملک میں مارشل لانافذ کیا تو اس کے بعد گوہر ایوب خان نے مسلم لیگ (ن) سے راہیں جدا کرلیں اور مشرف سے جاملے تاہم 2002 میں قانونی قدغن کے باعث انتخابات میں حصہ نہ لے سکے۔