نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام کی کامیابی میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
کوہاٹ میں کیڈٹ کالج میں 58ویں یومِ والدین کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید تعلیم سے آراستہ نوجوان ملک کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم کا حصول ہماری ترجیح ہے، تعلیمی نظام کی کامیابی میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ میں تمام اساتذہ پر زور دیتا ہوں کہ نوجوانوں کی زندگی میں مقصدِ حیات واضح کریں تاکہ وہ ہماری روایات اور اقدار کے محافظ بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں دوسرا اہم کردار والدین کا ہوتا ہے، انہیں بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خطاب کے دوران نگران وزیراعظم اپنےاساتذہ کو یاد کرکےجذباتی ہوگئے، انہوں نے اساتذہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے تمام اساتذہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
قبل ازیں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو تقریب میں سلامی پیش کی گئی، وزیراعظم نے چیئمپئن شپ کا پرچم رستم ہاؤس کےحوالےکیا۔