اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور دیوار شہدا پر اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہیدکی تصویر لگائی۔
نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سےگفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومتی پالیسیوں سے آج ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، ماضی میں دہشت گردوں کو جیلوں سے نکال کر آزاد کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ اس کے پیچھےکیا محرکات تھے؟ عوام کو یقین دلانا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں پھر ایسا یوٹرن نہ لیا جائے، جن دہشت گردوں کو واپس بلایا گیا، ان دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا،ہم مسلسل افغانستان سے رابطے کرتے رہیں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانیوں کو ایک بار پھر قربانیاں دینی پڑ رہی ہیں، وزارت داخلہ میں دیوار شہدا قربانیوں کی یاد دلاتی رہےگی، یہ بہت اچھا اقدام ہے جو سرفراز بگٹی نےکیا ہے، شہدا اور سیاست دان جو دہشت گردی کا شکار ہوئے ان کے پورٹریٹ لگائےگئے۔