چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط روابط کو وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکا میں جنرل عاصم منیر نے ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اورمیڈیا ارکان سے خصوصی گفتگو کے دوران جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام پر پاکستان کا نقطہ نظر اجاگر کیا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ جنرل عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کےمطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف یکطرفہ اقدام تنازع کی نوعیت تبدیل نہیں کرسکتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے نفاذ کی فوری ضرورت ہے۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے بین الاقوامی دہشت گردی کےخلاف نبرد آزما ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بےمثال خدمات اور قربانیاں دیں، پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جیوپولیٹیکل، جیواکنامک دونوں نقطہ نظر سے اہم ترین ملک ہے، وسطی ایشیا کے دیگر ممالک سے مضبوط تعلقات کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا، تمام دوست ممالک کےساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط روابط کو وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ امریکا کے دوران سیاسی و عسکری قیادت سے آرمی چیف کی بات چیت بہت مثبت رہی، آرمی چیف کی آمد پر پاکستان کے سفیر نے اُن کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ آرمی چیف ان دنوں بطور سپہ سالار اپنے پہلے دورہ امریکا پر موجود ہیں جہاں گزشتہ ہفتے انہوں نے سیکریٹری دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن، نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر، امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی، سپہ سالار نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔
جنرل عاصم منیر 10 دسمبر کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے اور 2 دن برطانیہ میں گزارنے کے بعد منگل (12 دسمبر) کی سہ پہر امریکی دارالحکومت پہنچے تھے، برطانیہ میں ان کی مصروفیات کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں کیونکہ بظاہر یہ ایک نجی دورہ تھا۔