وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے درمیان ملاقات، دہشتگردی کیخلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف ک ملاقات ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے قبل ہوئی۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو اپنے دورہ سعودی عرب پر اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاک سعودی تعلقات پر اظہارِ اطمینان کیا۔ ملاقات میں افواج پاکستان کے پیشہ وارانہ اور آپریشنل امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
بعد ازاں وزیرِاعظم شہباز شریف نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اعلیٰ سول وعسکری قیادت شریک ہوئی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے نگراں حکومت میں بھی مؤثر اور بھرپور کام کیا۔