حکومت نے عید سے قبل عوام کے لیے ایک اور مشکل فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے کا اضافہ کردیا۔
حکومت کی جانب سے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں یہ اضافہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 32 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 15 روز قبل حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ روز حکام نے پیٹرول کی قیمت میں اگلے 15 روز کے لیے تقریباً 10 سے 11 روپے فی لیٹر تک اضافے کا تخمینہ لگایا تھا، جس کی بنیادی وجہ درآمدی پریمیم اور عالمی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
باخبر ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی سیاسی صورتحال کی وجہ سے پیٹرول کی درآمدی قیمت میں تقریباً 4 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی درآمد پر پریمیم 13.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے جوکہ 12.15 ڈالر فی بیرل تھا، نتیجتاً حتمی شرح مبادلہ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 سے 11 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت میں کمی آئی ہے اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی طرف سے ادا کردہ درآمدی پریمیم 6.50 ڈالر فی بیرل پر برقرار رہا، لہٰذا ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.30 روپے سے 2.50 روپے فی لیٹر تک کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
قیمتوں کے حساب کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت تقریباً 4 ڈالر فی بیرل بڑھ کر 94.5 ڈالر ہو گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت تقریباً 60 سینٹ فی بیرل کم ہو کر 98.4 ڈالر ہو گئی۔