ترکیہ کے شہر استنبول میں 16 منزلہ رہائشی عمارت میں موجود نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 29 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق ترکیے کے اقتصادی دارالحکومت کے گورنر نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
گورنر استنبول کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بیسکتاس ضلع میں آگ لگنے سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہو گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیاکہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والا ایک شخص تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
اس میں کہا گیا کہ آگ پر چند گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائر فائٹرز نے قابو پایا۔
ٹیلی ویژن پر نشر تصاویر میں عمارت سے آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتے ہوئے دکھایا گیا۔
گورنر استنبول نے کہا کہ آگ پہلی اور دوسری منزل پر تعمیراتی کام کے دوران لگی جس میں ایک نائٹ کلب تھا۔
نیوز چینل این ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ آتشزدگی کی تحقیقات کے سلسلے میں جائے وقوع سے 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ آگ لگنے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
استنبول کے دوبارہ منتخب میئر جائے وقوع پر پہنچے اور مرنے اور زخمی ہونے والے شہریوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، امید کرتے ہیں کہ مزید شہری آگ سے متاثرین نہیں ہوں گے۔