وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم اپنی مخصوص نشستوں پر کسی اور کو ناجائز طور پر حلف لینے نہیں دیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئین کا تحفظ پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، اس ملک میں بار بار آئین کو توڑا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی توڑی تھی، آئین میں واضح لکھا ہے کہ 90 دن میٰں الیکشن کروانا ہے لیکن نہیں کروائے گئے، اس کے بعد سے آئین مسلسل توڑا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مخصوص نشستیں ہمیں نہیں دی گئیں، ہم سے ہمارا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں واضح کرتا ہوں کہ ہم لڑیں گے، اس صورتحال کا مقابلہ کریں گے اور آخری حد تک جائیں گے، ہم کسی صورت مخصوص نشستوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اپنی مخصوص نشستوں پر کسی اور کو ناجائز طور پر حلف لینے نہیں دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آج رات ساڑھے 8 بجے ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہے، جہاں ہم اسی حوالے سے کچھ قراردادیں منظور کریں گے۔