اداکارہ صنم سعید کا خیال ہے کہ پاکستان میں خواتین کے خود مختار ہونے سے بھی طلاقیں زیادہ ہو رہی ہیں۔
صنم سعید کی جانب سے ملک میں شادیوں کے طلاق پر ختم ہونے سے متعلق وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو کے بعد بعض صارفین نے ان کی رائے سے اختلاف بھی کیا۔
صنم سعید کی وائرل ہونے والی ویڈیو حال ہی میں ان کی جانب سے دیے گئے انٹرویو کی ہے، جس میں اداکارہ نے بچوں پر تشدد، ان پر کیے جانے والے جنسی تشدد، خواتین کی ہراسانی اور مرد حضرات کو درپیش مسائل پر کھل کر بات کی تھی۔
مذکورہ انٹرویو میں انہوں نے شادیوں کے ناکام ہونے، مرد حضرات کی ذمہ داریاں بڑھنے سمیت خواتین کی خود مختاری کی وجہ سے ہونے والے مسائل پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب لوگوں کی سوچ تبدیل ہو چکی ہے، اب زیادہ تر خواتین کام کرتی ہیں، انہیں کسی طرح کی کوئی مجبوری نہیں ہوتی، اس لیے ان کی سوچ بھی تبدیل ہو چکی ہے۔
صنم سعید کے مطابق ماضی میں جب طلاق کی بات ہوتی تھی تو خواتین سوچتی تھیں کہ ان کا کیا ہوگا، وہ کہاں جائیں گی؟ لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب تقریبا ہر خاتون کام کرتی ہے، خواتین خود مختار ہیں، انہیں طلاق ہونے یا نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔
اداکارہ کے مطابق اب چوں کہ خواتین مجبور نہیں ہوتیں، وہ معاشی طور پر آزاد اور خود مختار ہیں تو وہ کوئی بھی چیز برداشت کرنے کو تیار نہیں ہوتیں۔
صنم سعید کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے خواتین کی خود مختاری بھی طلاق بڑھنے کا ایک سبب ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اسی لیے آج کل یہی کہا جاتا ہے کہ خواتین میں برداشت ختم ہوگئی۔
صنم سعید کی طلاق پر بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جہاں بعض مداحوں نے ان کی بات سے اتفاق کیا، وہیں کچھ صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا اور ان کی بات سے اختلاف کیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صنم سعید کی اپنی پہلی شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی، اداکارہ نے پہلی شادی پسند سے کی تھی جو کچھ ہی عرصہ چلی اور وہ طلاق پر ختم ہوئی تھی۔
صنم سیعد نے 2018 میں ثمینہ پیرزادہ کے شو میں اپنی پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔
صنم سعید نے 2023 میں اداکار محب مرزا کے ساتھ دوسری شادی کرنے کی تصدیق کی تھی، محب مرزا کی بھی ان سے دوسری شادی تھی۔
محبت مرزا کی پہلی شادی ماڈل آمنہ شیخ سے 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے درمیان 2019 میں طلاق ہوگئی تھی۔